لندن (پی این آئی) براڈ شیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے رشوت کی پیشکش کرنے والے شخص کا نام بتا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں براڈشیٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر او کاوے موسوی نے انکشاف کیا کہ شریف فیملی کی جانب سے انجم ڈار نے رشوت کی پیشکش کی تھی۔ اُن کا
کہنا تھا کہ انجم ڈار نے خود کو نواز شریف کا بھانجا یا بھتیجا ظاہر کیا اور ثبوت کے طور پر نواز شریف کے ساتھ اپنی تصاویر بھی دکھائیں۔انہوں نے بتایا کہ انجم ڈار سے ملاقات کا گواہ بھی ہے، ملاقات میں اس نے 25 ملین ڈالر کی پیشکش کی، بعد ازاں میں نے سوچا کہ یہ معاملہ وکلا کےذریعے طے ہونا چاہئیے، سارے معاملے پر ہچکچاہٹ بھی تھی اس وقت نواز شریف اقتدار میں نہیں تھے۔میراجواب تھا کہ عدالت کےتوسط سےسمجھوتہ کرسکتے ہیں۔ ساتھ ہی انجم ڈارکو کہا کہ پیشکش مجرمانہ فعل ہے میں کرپشن کی تفتیش کررہا ہوں۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں مزید بتایا کہ سابق صدر مشرف نے فہرست دی تھی جن کی جائیدادوں کا سراغ لگانا تھا، ایک ٹھگ جسے بعد میں وزیرداخلہ بنایا گیا اس کا نام ”آفتاب شیرپاؤ” ہے، ہم نے آفتاب شیرپاؤ کےجرسی میں اکاؤنٹس کاپتہ لگایا، ہم نے نیب اور اٹارنی جنرل سےکہا ہمیں ان کے اکاؤنٹس کی تفصیل لینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے اپنے ملک پاکستان کا نام بدنام کیا، ہم نے جن جائیدادوں کا سراغ لگایا آصف زرداری نےانہیں بحال کرایا، پیغام یہ تھا کہ جائیدادوں سے متعلق مزید تفتیش نہ کی جائے، ہمیں کہا گیا25ملین ڈالرلےلو معاملہ ختم کردو۔خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لندن میں موجود فلیٹس ایون فیلڈ کے حوالے سے برطانیہ کی براڈ شیٹ کمپنی کے چیف کیوے مُوسوی نے اہم انکشافات کیے تھے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ براڈ شیٹ سے جان چھڑوانے کی وجہ بھی شریف فیملی تھی، غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات سے پیچھے ہٹنے کے لیے رشوت کی پیش کش کی گئی، خود کو نواز شریف کا بھتیجا بتانے والے نے رشوت کی آفر کی تھی۔ تاہم اب انہوں نے رشوت کی پیشکش کرنے والے شخص کا نام بتا دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں