ن لیگ کیخلاف بیانات مہنگے پڑے، پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن پر پابندی لگا دی

لاہور(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو ن لیگی قیادت کیخلاف بیان بازی سے روک دیا، ن لیگی رہنماؤں کے اعتراض پر سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ میں نوازشریف کیلئے دعاگو ہوں، میرے ہوتے کوئی بیان بازی نہیں کرسکتا، استعفوں کو بھی نوازشریف کی واپسی سے نتھی نہیں کیا گیا۔ نجی ٹی وی

کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم کے یکم جنوری کے لاہور میں اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے تحت ن لیگی رہنماؤں نے پی ڈی ایم اجلاس میں پیپلزپارٹی کی قیادت سے اعتراض کیا کہ اعتزاز احسن نوازشریف کی واپسی اور ن لیگ کیخلاف باتیں کیوں کرتے ہیں؟ اجلاس میں نکتہ اٹھایا گیا کہ پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں بھی استعفے دینے کے آپشن کونواز شریف کی واپسی سے نتھی کیا گیا،جس پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اجلاس میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی، اجلاس سات گھنٹے تک جاری رہا، جبکہ ایسی بات کسی رہنماء نے نہیں کی۔لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ہم اعتزاز احسن کے بیان کا جواب نہیں دیتے کیوں کی اتحاد کو خطرہ پڑ سکتا ہے۔ اس موقع پرسابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ میں تو خود نوازشریف کیلئے دعاگو ہوں، پھر میرے ہوتے ہوئے اجلاس میں کوئی ایسی بات نہیں کرسکتا۔ صرف ایک بندہ ہے جو اس طرح کی باتیں کررہا ہے، ان کا اشارہ اعتزاز احسن کی طرف تھا، آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اعتزاز احسن کو بیان بازی سے روک دیا ہے، جس کے بعد اعتزاز احسن نے کوئی بات نہیں کی۔ مریم نواز نے آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا کہ میں نوڈیرو گئی تو میرا خصوصی خیال رکھا گیا، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ میں نے بلاول بھٹو کو کہا تھا کہ مریم بیٹی جیسی ہے، پورا خیال رکھنا ہے۔

close