اب 2021 ء میں عوام وزیراعظم سے کہیں گے کہ اب آپ نے گھبرانا نہیں، سابقہ اتحادی جماعت نے سخت چوٹ کر دی

اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2020 ء عوام کے لیے مشکل ترین اور اب 2021 ء حکومت کے لیے بہت دشوار ہوگا۔ وزیراعظم کی یہ بات سن سن کر عوام کے کان پک گئے کہ گھبرانانہیں۔اب 2021 ء میں عوام وزیراعظم سے کہیں گے کہ اب آپ نے گھبرانانہیں۔

جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن ہے ، عوام کا مقدمہ پوری قوت سے لڑے گی۔ وزیراعظم کی سیاسی کشتی بھنور میں ہے ۔ ملک میں تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوئی ۔ پی ٹی آئی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ، عوام کی مایوسی دن بدن گہری ہو رہی ہے ۔ مختلف اداروں میں اصلاحات کے دعوئوں کی کہانیاں ، بیانات اور پریس کانفرنسوں سے آگے نہ بڑھ سکیں ۔ملک میں جرائم کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یکم جنوری سے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی بات کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ حکومت نے رواں سال کئی دفعہ عوام پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا بم گرایاہے ۔ آج خطے میں مہنگائی کی شرح کے حوالے سے پاکستان سب سے آگے نکل چکاہے۔ یہی پی ٹی آئی دعویٰ کرتی تھی کہ اقتدار میں آ کر پٹرول کی 48 روپے فی لٹر فراہمی کو یقینی بنائیں گے لیکن آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلی حکومتوں کے ادوار سے بھی زیادہ ہیں ۔ عوام کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دکھائے گئے اس کی اصل حقیقت اب منظر عام پر آچکی ہے ۔ وزیراعظم نے اگر اپنی روش تبدیل نہ کی اور مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی جیسے بڑے مسائل کو دورکرنے کے اقدامات نہ اٹھائے تو آنے والے الیکشن میںپی ٹی آئی عوام کا سامنا نہیں کر سکے گی ۔

انہوںنے کہاکہ 2020 ء کرونا کی وجہ سے پوری دنیا کے لیے آزمائشوں کا سال رہا لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں حکمرانوں کی نااہلی ، ناکامی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکل ترین رہا ۔اگر حکومت نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو 2021 ء حکومت کے لیے بہت دشوار ہوگا ۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال کو دکھا جائے تو ملک کے فہمیدہ حلقے تشویش میں مبتلا ہیں ۔ بلاشبہ وطن عزیز اس وقت خارجی و داخلی مسائل کاشکار ہے۔ ایک طرف بھارت نے ملک کا محاصرہ کیاہواہے اور وہ آئے روز کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کرتاہے ۔ گزشتہ روز ہرنائی میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اب تو خود وزیراعظم خود کہہ رہے ہیں کہ دہشتگردوں کی بھارتی پشت پناہی حاصل ہے ۔حکومت کی بھارت کی مداخلت اور دہشتگردی کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے ۔ اگر حکمران کشمیر پر خاموشی اختیار نہ کرتے تو آج بھارت کو پاکستان کے اندر اس طرح کے واقعات کروانے کی جرأ ت نہ ہوتی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں ہونے والے جلسوں میں شرکاء کی بڑی تعداد حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی تعداد بتا رہی ہے کہ مستقبل میں جماعت اسلامی سرپرائز دے گی ۔انہوں نے کہاکہ اس ملک کے تمام مسائل کا حل اللہ اور رسول ؐ کے احکامات پر عمل

کرنے میں ہے ۔ جماعت اسلامی موروثیت سے پاک ایک مکمل جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے نظام کے نفاذ سے ہی حقیقی معنوں میں ہمارا ملک فلاحی اور خوشحال پاکستان بن سکتاہے ۔۔۔۔

close