اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7 سے 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے
ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا کیوں کہ ہمیں عالمی وباء کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پوری قوم کے تعاون کی ضرورت ہے ، جس کیلئے ضروری ہے کہ ماسک پہنا جائے ، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اور اجتماعات سے پرہیز کیا جائے ، شادی بیاہ کی تقریبات منانے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن احتیاط ضرور کریں ، جس کیلئے شادی ہالز کے کمرے کھلے رکھیں اور ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔یہاں واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے ملک بھر میں شدت اختیار کر لی ہے ، عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران آج سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں ، کورونا سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 105اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے 2 ہزار 731 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 10 ہوگئی اور پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 731 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 28 ہزار 673، سندھ میں ایک لاکھ 98 ہزار 482، خیبر پختونخوا میں 53 ہزار 253، بلوچستان میں 17 ہزار 796، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 799، اسلام آباد میں 35 ہزار 203 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 771 کیسز رپورٹ ہوئے ، پنجاب میں 3 ہزار 452، سندھ میں 3 ہزار 222، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 489، اسلام آباد میں 379، بلوچستان میں 176، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 193 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں