مارچ میں کتنے سینیٹرز ریٹائر ہونیوالے ہیں؟ کس جماعت کے کتنے سینیٹرز ریٹائر ہوں گے؟ تفصیلات آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی) 11 مارچ 2021ء کو سینیٹ سے ریٹائرڈ ہونے والے سینیٹرز کی مجموعی تعداد سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق 11 مارچ کو 52 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوجائیں گے جن میں سب سے زیادہ تعداد مسلم لیگ ن کے اراکین کی ہے جن میں 17سینیٹرز شامل ہیں ان میں سے ن لیگ کے پنجاب سے 11 جب کہ اسلام

آباد ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 2،2 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے، پاکستان پیپلزپارٹی کے 7 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے ان تمام کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے ، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ریٹائرڈ ہونے والے سینیٹرز کی تعداد بھی 7 ہے جن کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے ، 11مارچ 2021ء کو ایم کیوایم کے سندھ سے4 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے جب کہ جے یو آئی کے 2 سینیٹرزریٹائرڈ ہونے والوں میں شامل ہیں جن میں سے ایک کا تعلق بلوچستان جب کہ ایک کا صوبہ خیبرپختوانخوا سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 11 مارچ کو ریٹائرڈ ہونے والوں میں صوبہ سندھ اور پنجاب سے 11,11 سینیٹرز شامل ہیں ، صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 12،12 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوجائیں گے جب کہ فاٹا سے 4 اور اسلام آبادسے 2 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے۔ دوسری طرف وفاقی حکومت نے سینیٹ الیکشن قبل ازوقت کروانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، سینیٹ الیکشن مارچ کی بجائے فروری میں کروائے جائیں، سینیٹ الیکشن فروری میں کروانے کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلا س ہوا ، جس میں طے کردہ ایجنڈے کے علاوہ سیاسی ، معاشی اور کورونا وباء کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں آئندہ سینیٹ انتخابات قبل ازوقت کروانے پر بھی مشاورت کی گئی، حکومت نے سینیٹ الیکشن فروری میں کروانے پر غور کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ الیکشن فروری میں کروانے سے متعلق الیکشن کمیشن سے مشاورت کیلئے رجوع کیا جائے گا، بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مشیر پارلیمانی امور بابراعوان نے آئینی اور سیاسی پہلوؤں پر بریفنگ دی جب کہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کابینہ میں تجاویز پیش کیں، تجاویز کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں پولنگ شوآف ہینڈ کے ذریعے کروائی جائے گی، آرٹیکل 186کے تحت ریفرنس دائر کرکے سپریم کورٹ سے رائے طلب کی جائے گی، سپریم کورٹ فیصلے کے بعد آئینی ترمیم کے بغیر شوآف ہینڈ سے فروری میں الیکشن منعقد کروائے جاسکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں