اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے 15جنوری تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر رکنیت معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ،الیکشن کمیشن کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان 31 دسمبرتک گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائیں ، پارلیمنٹ و صوبائی
اسمبلیوں کوزیرکفالت اہلخانہ کےاثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، جس میں پارلیمنٹ ، صوبائی اسمبلیوں ارکان کومالی سال 20-2019 کے گوشواروں کی تفصیلات جمع کروانے کا کہا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق 15جنوری تک تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کردی جائےگی۔ دوسری طرف ملک میں جاری عالمی وباء کورونا وائرس کے شدت اختیار کرنے کے باعث قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن 31 جنوری تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ این سی اوسی کی طرف سے ضمنی انتخابات 31 جنوری تک ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی تھی ، جس کا جائزہ لینے کے لیے چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، شرکاء کی جانب سے تبادلہ خیال کے بعد قومی ،صوبائی اسمبلیوں کےضمنی الیکشن31جنوری تک ملتوی کرنےکافیصلہ کیا گیا جب کہ میئراسلام آباد کی خالی نشست پر الیکشن کرائے جائیں گے ، اس سلسلے میں الیکشن شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے ، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 2 جب کہ صوبائی اسمبلیوں کی6 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے۔مزید یہ کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ کا انتخابی نشان واپس لے لیا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ کے پارٹی عہدوں میں تضاد سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جس کے بعد الیکشن ایکٹ آرٹیکل (4) 215 کے تحت آل پاکستان مسلم لیگ کو انتخابی نشان کے لیے نا اہل قرار دے دیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ الیکشن قوانین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہی۔آل پاکستان مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن میں پارٹی عہدیداروں کی فہرست فراہم نہیں کی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ نے تصدیق شدہ سرٹیفیکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروایا ، لہٰذا الیکشن ایکٹ آرٹیکل (4) 215 کے تحت آل پاکستان مسلم لیگ کو انتخابی نشان کے لیے نا اہل قرار دیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں