لاہور(پی این آئی) ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہرجون کی طرح شدت اختیار کررہی ہے، کراچی میں مریضوں کیلئے آئی سی یو میں جگہ کم پڑ رہی ہے، جون والا ماحول پھر پیداہورہا ہے، بیماری نظر آنا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز کے مریضوں کیلئے آئی سی یو میں جگہ کم پڑ رہی ہے، جون والا ماحول پھر پیداہورہا ہے، اب فون کالز آتی ہیں کہ وینٹی لیٹر دلا دیں۔بیماری نظر آنا شروع ہوگئی ہے، ہفتے دس دنوں میں بیماری نظر آرہی ہے، بیماری کی علامات میں مخصوص بخار ،سونگھنے کی حس ختم ہوجاتی ہے، گلے میں تکلیف اور آواز کا تبدیل ہونے کے ساتھ سر کے بیک پر زبردست تکلیف ہوتی ہے۔ماہر وبائی امراض ڈاکٹر جواد اصغر نے کہا کہ پاکستان میں26 فروری میں پہلا کیس رپورٹ ہوا، گرمی کے موسم میں کیسز رپورٹ ہوئے ، پاکستان میں اتنی تباہی نہیں آئی جتنی سرد ممالک میں پھیلی، اب کورونا سردی کے موسم میں زیادہ پھیل رہا ہے، کورونا کی دوسری لہر چار ہفتے قبل شروع ہوچکی ہے، اب ہمیں معلوم ہے ، وائرس سردی میں زیادہ پھیلتا ہے، ہماری عادت ہوتی ہے کہ کھڑکیاں دروازے بند کرکے بیٹھ جاتے ہیں جس سے وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 752 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے پنجاب میں 16275، سنددھ میں 12975، خیبر پختونخوا میں 4615 ، اسلام آباد میں 7052 ، بلوچستان 664، گلگت بلتستان 302 ، آزاد جموں کشمیر میں 896 ٹیسٹ کیے گئے، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز سامنے آئے، اس طرح ایک دن میں کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے، 17 جولائی کو ایک روز میں 49 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ملک بھر میں اس وبا سے 7603 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہے جن میں سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 28 ہزار 931 ہوگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں