کراچی(پی این آئی)فوج کیخلاف بات کرنے والے لوگ وزیراعظم کی مخالفت نہیں خدمت کرتے ہیں،شیخ رشید، وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ووٹ کی عزت کو الیکشن میں شکست تسلیم نہ کرنے والوں سے شدید خطرہ ہے اور فوج کیخلاف بات کرنے والے لوگ وزیراعظم کی مخالفت نہیں خدمت کرتے ہیں، اپوزیشن گلگت
بلتستان کے الیکشن نہیں مان سکتی تو کوئی الیکشن نہیں مان سکتی۔جمعرات کووزیر ریلوے شیخ رشید نے ابتدائی طور پر سٹی سٹیشن اور پپری کے درمیان کے سی آر کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے یک طرفہ کرایہ 50 کے بجائے 30روپے کرنے کا اعلان بھی کیا۔کراچی میں سرکلر ریلوے کی افتتاحی تقریب سے شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر میں انسٹال ہونیوالی تمام چیزیں کراچی پہنچا دی گئیں، کے سی آر کی 40کوچز بنا رہے جس میں سے 15 چلائی جا رہی ہیں، 750روپے میں کے سی آر کا مہینے بھر کا پاس بنوا سکتے ہیں، ایک سال میں کے سی آر کو مکمل طور پر ماڈرن کر دیں گے، 25سال بعد کے سی آر چلنے والی ہے، سارا کریڈٹ چیف جسٹس، عمران خان، سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے کے ملازمین کو جاتا ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے سب کو چابی دی تو کام ہوئے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ بہت بڑا قبضہ مافیا ریلوے ٹریک پر قابض ہے، جتنا بھی کراچی میں قبضہ ہے ایک سال میں ختم کرائیں گے، ہمیں قبضہ ختم کرانے کے لیے سیاسی سپورٹ نہیں مل رہی، ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے والے پچیس سال بعد یہ ماننے کو تیار نہیں کہ زمین ریلوے کی ہے، لوگ ٹرین کے تولیے اور صابن بھی چرالیتے ہیں، ڈسٹری بیوشن وال سب سے زیادہ چوری ہوتا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ گلگت میں زبردست انتخابات ہوئے، اپوزیشن آزاد کشمیر کے انتخابات کی فکر کرے، اپوزیشن گلگت بلتستان کے الیکشن نہیں مان سکتی تو کوئی الیکشن نہیں مان سکتی، پوری دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں ہارنے والا مان ہی نہیں رہا، ووٹ کی عزت کو شدید قسم کا خطرہ ہے، انہی لوگوں سے خطرہ ہے جو شکست تسلیم نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز سے انتخابات کرانا چاہتے ہیں، جو جو فوج کیخلاف بیانیہ دے رہا ہے وہ عمران خان کی خدمت کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں