گلگت بلتستان کا الیکشن جیتنے کے بعد بلاول کا اگلا پڑاؤ پنجاب میں ہو گا، آصف علی زر داری نے بلاول کو نیا ٹاسک دے دیا

لاہور(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا الیکشن جیتنے کے بعد بلاول کا اگلا پڑاؤ پنجاب میں ہو گا۔جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی چودھری منظور احمد سے ٹیلی فونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو

کے استقبال کی تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت گزر چکا ہے، جیالے اپنا ، اپنے خاندانوں اور اہل علاقہ کا خیال رکھیں، پارٹی کے یوم تاسیس کا 30 نومبرکو ملتان میں جلسہ کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ کارکن ایس او پیز کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں اور جلسوں میں شرکت کریں۔شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بلاول نے اپنے نانا اور والدہ کے انداز میں محنت سے انتخابی مہم چلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے پیپلز پارٹی کا کبھی نہ ختم ہونے والا جذباتی رشتہ ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لیے شہید بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا اور وہاں کی عوام کو پہلی بار ووٹ کا حق دیا۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے گلگت بلتستان کو نام اور شناخت دی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ہی بلتستان کو صوبائی ڈھانچہ اور داخلی خود مختاری بھی دی گئی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سی پیک کی بنیاد رکھی گئی۔۔۔۔۔

close