پاکستان میں کوروناوائرس کا دوسرا رائونڈ، پاکستانیوں کو وارننگ دیدی گئی ، بچائو کیلئے کیا کرنا ہوگا؟

تربت (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے قوم کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کادوسرا راؤنڈ آرہا ہے ، اس دوران عوام کو ایس و پیز پر عمل کرنا اور ماسک پہننا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم سے کہتا ہوں ہمیں پھر سے بہت احتیاط

کرنا ہوگی ، کیوں کہ اس سے قبل جب پاکستان میں کورونا آیا تو اس کی وجہ سے تین ماہ کے لیے ملک میں لاک ڈاؤن ہوا جس کے باعث 900 ارب ٹیکس کم جمع ہوالیکن اللہ کا شکر ہے جس طرح پاکستان کورونا سے نکلا برصغیر میں کوئی اور ملک نہیں نکلا۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی دوسری لہر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی آرہی ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 37 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ملک میں اس وائرس کے باعث مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 92 تک پہنچ چکی ہے ، جب کہ ایک دن میں 2 ہزار 304 نئے کیسز بھی سامنے آگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وباء کی وجہ سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 7ہزار92 ہوچکی ہے ، جب کہ ملک میں‌ اب تک مجموعی طور پر کورونا کے 3 لاکھ 52 ہزار296 کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے اس وقت فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار641 ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار822 ہوچکی ہے ، جہاں اب تک2 ہزار455 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں1لاکھ 53ہزار21 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے اب تک2 ہزار 718 افراد چل بسے۔این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختون خوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 41 ہزار472 ہوچکی ہے ، جب کہ صوبے میں ایک ہزار303 افراد کی موت واقع ہوئی ، صوبہ بلوچستان میں کورونا کے اب تک16ہزار274 مریض سامنے آئے ، جن میں سے 155 مریضوں کا انتقال ہوگیا ، اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپر کیسوں کی تعداد 23ہزار123بتائی گئی ہے ، جہاں مرنے والوں کی تعداد 250 ہے ، انتخابات کی وجہ سے مرکز نگاہ بننے والے گلگت بلتستان میں اب تک 4ہزار416افراد کورونا سے متاثر ہوئے ، جن میں سے 93 افراد جان کی بازی ہار گئے ، آزاد جموں و کشمیرمیں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہزار139 ہے ، جن میں 118 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں