جب بھی کسی حکومت کا اختتام قریب ہوتا ہے تو اسی قسم کی باتیں کی جاتی ہے، اب عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے

حیدرآباد(پی این آئی) پیپلزپارٹی کے رہنماء و سابق صوبائی وزیر اطلاعات ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اب عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے اور جب بھی کسی حکومت کا اختتام قریب ہوتا ہے تو اسی قسم کی باتیں کی جاتی ہے جیسا کہ عمران خان اور اس کے وزراء کررہے ہیں، پیپلزپارٹی نے سندھ

اسمبلی سے جزائر پر صدارتی آرڈیننس کے خلاف قرارداد منظور کروائی ہے اورکہا ہے کہ ایوان صدر کو ایوان صدر ہی رہنے دیا جائے اسے آرڈیننس فیکٹری نہ بنایا جائے، پیپلزپارٹی نے انتخابات میں وعدہ کیاتھا کہ ٹنڈوجام میں90 ملین روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہونے والے گرلز کالج قائم کریں گے اور آج ہم نے عوام سے کیا گیاایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے ٹنڈوجام میں پہلے گرلز کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، ان شاء ا للہ بہت جلد کالج کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد تدریسی عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔وہ اپنے حلقے ٹنڈوجام حیدرآباد میںگرلز ڈگری کالج کاسنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ملک میں کوئی بھی غدار نہیں لیکن یہ حکومت اپنی ناکامیوں اور نا اہلیوں کو چھپانے کے لیے پہلے چور ڈاکو کے سرٹیفکٹس بانٹتی تھی اور آج کل یہ ہر کسی کو غداری کے سرٹیفکٹس دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی دوسروں کو غدارکہتا ہے وہ نا تو خود ملک کے ساتھ مخلص ہے اور ناہی وہ اپنے مقصد کے ساتھ مخلص ہے، وفاقی حکومت اس وقت انتشار اور گھبراہٹ کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقاریر میں کہیں بھی آٹے اور چینی پر بات نہیں کی صرف اپوزیشن پر الزامات لگارہے ہیں، اب عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے اور جب بھی کوئی حکومت اختتام پذیر ہوتی ہے تو اسی قسم کی باتیں کرتی ہے جو اس وقت عمران خان اور اس کے وزراء کررہے ہیں، اسلام آباد میں لانگ مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑی ہے جو بھی فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کئے جائیں گے پی پی ان فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہوگی، سندھ کے جزائر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی سے جزائر پر صدارتی آرڈیننس کے خلاف قرارداد منظور کروائی ہے اورکہا ہے کہ ایوان صدر کو ایوان صدر ہی رہنے دیا جائے اسے آرڈیننس فیکٹری نا بنایا جائے۔قبل ازیںگرلزڈگری کالج کا سنگ بنیاد

رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہاکہ پی پی پی لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہم خواتین کوتعلیم یافتہ بناکرانہیںملک کی ترقی میں شامل کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی ہی نے اسلامی دنیا کی پہلی وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کو بنایا، انہوں نے کہا کہ ٹنڈو جام میں لڑکیوں کے لیے پہلا گرلز کالج کا سنگ بنیاد رکھ کر ہم نے علاقے کے لوگوں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا، اس کے علاوہ ہم نے ٹنڈوجام میں واٹر سپلائی منصوبہ دینے کے ساتھ ساتھ، سڑکوں کا بھی جال بچھایا، انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت ناکام ہوچکی ہے اس لیے مہینے میں دو دن ہفتہ اور اتوارکوٹنڈو جام میں اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں بچت بازار کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ براہ راست عوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ پی پی نے صحت کے شعبہ میں بہترین اور مثالی ادارے قائم کئے ہیں۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام ڈاکٹر ظہیر الدین میرانی نے کہا کہ تعلقہ میں لڑکیوں کا کالج قائم کرنا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو آج شرجیل انعام میمن کی کاوشوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا ایک عورت کو تعلیم فراہم کرناپورے خاندان کو تعلیم دینے کے برابر ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنرحیدرآباد فواد غفار سومرو، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی قندیل فاطمہ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر غلام محی الدین و دیگر بھی موجود تھے، بعد ازاں ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں پودا بھی لگایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close