عرب ممالک کی اپنی مجبوریاں ہوں گی، پاکستان اتنا کمزور نہیں ہوا کہ اسرائیل کو تسلیم کر لے، پاکستان کا دوٹوک موقف

نیو یارک (پی این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔بین الاقوامی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں منیر اکرم نے کہا کہ جو عرب ممالک اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کر رہے ہیں ان کی مجبوریاں ہیں لیکن پاکستان نے اپنی پالیسی اور

مفادات کو دیکھنا ہے۔ بعض عرب ممالک نے اپنی داخلی و خارجی مجبوریوں کی وجہ سے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنا بنیادی اُصول کے خلاف ہو گا اور پاکستان اس قدر کمزور ریاست نہیں ہے کہ اسے بنیادی اُصول سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جا سکے۔ پاکستان فلسطین کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کے اصولی مؤقف سے انحراف نہیں کر سکتا۔منیر اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے جسے دباؤ کے ذریعے پالیسی بدلنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، اسرائیل کو تسلیم کرنے سے کشمیر پر پاکستان کی حمایت کمزور پڑسکتی ہے۔

close