کراچی (پی این آئی) پاک بحریہ کیلئے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر شروع کردی گئی، ترکی تعاون سے جہاز کی تعمیر 2024 میں مکمل ہوگی، جہاز سطح آب، زیرآب اور فضاء میں مار کرنے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ سینسرز اور ہتھیاروں سے لیس ہے، جہاز سے امن وامان کو استحکام فروغ حاصل ہوگا۔ ترجمان پاک
بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کیلئے ترکی کے تعاون سے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔جہاز کی تعمیر کے آغاز کی تقریب آج کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ جس میں ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی تقریب میں شریک تھے۔تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی ترک وزیر برائے قومی دفاع ہولوسی اکار نے کہا کہ بہترین کوالٹی، کم لاگت اور انتہائی کم مدت میں اس جہاز کی تعمیر اہم کامیابی ہو گی یہ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زبیدہ جلال نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بحری جہاز کی مقامی سطح پر تعمیر خود انحصاری کے حصول میں خوش آئند ہے اس منصوبے کی تعمیر سے مقامی جہاز سازی کی صنعت اور کراچی شپ یراڈ کی صلاحیتوں میں مزید ا ضافہ ہو گا۔مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈنے اپنے خطاب میں کہاکہ جہاز سطح آب ,زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سینسرز سے لیس ہے جہاز کی تعمیر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔ جہاز کی پاکستان کے بحری بیڑے میں شمولیت سے خطے میں امن وامان اور استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں