لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب کےمعاون خصوصی سردارخرم خان لغاری نےاستعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سردار خرم لغاری نے معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب کےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سردار خرم لغاری نے چند دن قبل استعفیٰ دیا وزیراعلیٰ کو بھجوایا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ
سردار خرم لغاری اپنے حلقے میں کام نہ ہونے کی وجہ سے ناراض تھے۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار خرم لغاری کو گزشتہ روز پرائس کنٹرول کمیٹی کا خصوصی نمائندہ بھی مقرر کیا گیا تھا لیکن ایک روز بعد ہی خرم لغاری نے پرائس کنڑول کے نمائندے کا عہدہ بھی چھوڑ دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار خرم لغاری نے کہا کہ حلقے میں مصروفیت کی وجہ سےعہدے نہیں سنبھال سکتا ، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار خرم لغاری کا شکوہ تھا کہ بیورو کریسی ان کا فون سننے کی روادار نہیں تھی ۔اس وجہ سے وہ کوئی عہدہ نہیں سنبھالنا چاہ رہے تھے۔ واضح رہے کہ سردار خرم لغاری پی پی 275 مظفر گڑھ سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے خوراک کے عہدے پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ ان کو چند دن قبل چیئرمین ٹاسک فورس پرائس کنٹرول کمیٹی منتخب کیا گیا تھا ۔ یاد رہے کہ سردارخرم لغاری کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے استعفیٰ دے رہا ہوں ۔اپنے حلقے میں کام کرنا چاہتاہوں ۔ خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مہنگائی روکنے کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاتھا کہ ہمارے دو برس عوامی خدمت کی مثال ہیں ، مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنا رہے ہیں۔ کمیٹی بننے کے دوسرے ہی روز کمیٹی کے چیئرمین نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں