حکومت کا اپوزیشن جماعتوں کیخلاف کھل کر میدان میں اترنے کا فیصلہ، جہاں جہاں اپوزیشن جماعتیں جلسہ کریں گی وہاں کیا ہو گا؟

اسلام آباد (پی این آئی) اب ہوگا بھرپور دما دم مست قلندر، وزیراعظم کا اپوزیشن کیخلاف خود میدان میں اترنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے جلسے کے ذریعے حکومت مخالف تحریک کے آغاز کی تیاریوں پر اب حکومت نے بھی جواب دینے کیلئے کمر کس لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم

عمران خان نے اپوزیشن کو جواب دینے کیلئے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب جہاں اپوزیشن جلسہ کرے گی، اسی شہر میں تحریک انصاف کا بھی جلسہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس یا دیگر تقاریب میں اپوزیشن کو جواب دیں گے۔ جبکہ وزراء اور پارٹی ترجمان پریس کانفرنس اور ٹاک شوز میں وزیراعظم کا بیانیہ آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے پارٹی ترجمانوں کو اپوزیشن کے کرپشن کیسز بے نقاب کرنے اور اپوزیشن کی تحریک کے اصل محرکات سامنے لانے کا ٹاسک دیا ہے۔اپوزیشن کیخلاف نئی حکمت عملی پر کل سے ہی عمل شروع کیا جائے گا۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے کے گوجرانوالہ جلسے کے جواب میں تحریک انصاف بھی گوجرانوالہ میں جلسے کرے گی۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے اپوزیشن سے مفاہمت بھی نہیں ہوگی۔ جبکہ وفاقی حکومت نے اپوزیشن کو ملک بھر میں جلسے کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو خواہ مخواہ ہیرو نہ بنایا جائے، احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دشمن مختلف حربوں سے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا چاہتا ہے۔ اپوزیشن ایجنڈا خود بے نقاب ہورہا ہے، اپوزیشن کی تحریک عوام کی نہیں ہے، بلکہ ایلیٹ کلاس کے تحفظ کیلئے ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے گوجرانوالہ میں 16 اکتوبر کے جلسے سے حکومت مخالف تحریک کے آغاز کا اعلان کر رکھا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے ملک بھر میں جلسے کرنے کے بعد اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔

close