اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک جھوٹی خبر گردش
کررہی ہے کہ 15 اکتوبر سے تعلیمی ادارے دوبارہ بند کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں کی 15 اکتوبر کو دوبارہ بند ہونے کی خبروں کو رد کرتے ہوئے کہ کہ یہ خبریں جعلی ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے 7 ماہ تک بند رہنے کے بعد تعلیمی ادارے کھلے تو کئی سکولز میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد سوشل میڈیا پر تعلیمی ادارے دوبارہ بند کرنے سے متعلق خبریں گردش کررہی تھیں جس پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان سب خبروں کو مسترد کردیا ہے۔سوشل میڈیا پر اس سے پہلے بھی تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق جھوٹی خبریں چلتی رہی ہیں جن کی کئی مرتبہ وزیرتعلیم تردید کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے بعد ملک بھر میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے گئے ، پہلے مرحلے کے آغاز میں میٹرک کلاسز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل کا آغاز ہوا ، دوسرے مرحلے میں چھٹی جماعت سے آٹھویں کلاس تک کے بچوں کو سکول بلا یا گیا ، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں پرائمری سکول بھی کھل چکے ہیں۔یاد رہے کہ حکومتی ہدایات کے باعث تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاو کے لیےاحتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے ، جہاں صوبائی اور ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی ، جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی ادارے بند کردیے جائیں گے ، اور ایسے سکولوں کو جرمانہ بھی کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں