کراچی (پی این آئی) کراچی میں کورونا وائرس کیسز میں بہت ہی تشویش ناک حد تک اضافہ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 747 کیسز میں سے 365، یعنی 60 فیصد نئے کیسز صرف شہر قائد سے رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن
سینٹر کے مطابق بدھ کے روز ہوئے اجلاس کے دوران کراچی میں کورونا وائرس کیسز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔این سی او سی اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیس بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 747 کیسز میں 365 صرف کراچی کے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین تک رسائی اور ہیلتھ پروٹوکولز سے ہی اس وائرس روکا جا سکتا ہے۔فورم کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ سندھ نے بتایا کہ شہری انتظامیہ صورتحال مانیٹر کررہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے،پاکستان میں ایکٹیو کیسز 8903 ہو گئے ہیں۔این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 296881 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 312263 ہو گئی ہے۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6479 ہو گئی،سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 136795 ہو گئی۔این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 99378 خیبرپختونخوا میں 37776 بلوچستان 15225 کورونا سے متاثرہ مریض ہیں۔این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں 16581 آزاد کشمیر 2698 گلگت بلتستان میں 3778 کورونا مریضوں کی تعداد ہے۔ این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 32031 ٹیسٹ کئے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک 3514237 ٹیسٹ ہو چکے ہیں ،ملک بھرکے ہسپتالوں میں 93 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں ،ملک کے مختلف ہسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1912 ہے۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 735 ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلیے سہولیات ہیں،اس وقت 687 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں