فوج مخالف بیان پر نواز شریف کیخلا ف بغاوت، واحد شخصیت جو نواز شریف کیساتھ کھڑی ہے، وہ کون ہے؟

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف ن لیگ میں تنہائی کا شکار ہیں، مریم نواز کے علاوہ ن لیگ کی مرکزی قیادت میں سے کوئی شخص ان کے ساتھ نہیں کھڑا، گلگت بلتستان کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی

رہنمائوں کی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا تھا، اپوزیشن کا خود اجلاس کا کہہ کر اجلاس سے بائیکاٹ کرنا مضحکہ خیز ہے، اپوزیشن جماعتیں غیرذمہ دارانہ رویہ ترک کر دیں۔اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو حساس ایشوز اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کمشنر حکومت کے ماتحت نہیں ہیں، وہ آزادہ ادارہ ہے، اگر وہ گلگت بلتستان میں سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلانا چاہتے ہیں تو وہ بلا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ریفرنس میں گرفتار ہونا چاہیے، ان کے خلاف دستاویزات کی صورت میں ٹھوس شواہد موجود ہیں، دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کسطرح پاکستان سے اربوں روپیہ باہر گیا، شریف فیملی کے ملازمین اور جاننے والوں کے اکائونٹ سے اربوں روپے نکلے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنے بدعنوان قائدین کو احتساب اور ان کی غیرقانونی دولت کو بچانے کیلئے سیاست کر رہی ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کے کیسز اور لوٹی ہوئی دولت معاف کر دی جائے تاہم موجودہ حکومت قومی خزانے کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف یہ کہہ کر گئے تھے کہ علاج کے بعد واپس وطن آ جائیں گے لیکن وہ نہیں آئے، اس وقت اسحاق ڈار سمیت آدھا شریف خاندان مفرور ہے اسلئے اب حکومت مزید کسی کو رعایت نہیں دے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)قانون سازی کے دوران بھی اس کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو آیا، اگر شہباز شریف اسمبلیوں سے استعفی دینے کی بات کرتے تو ان کی جماعت سے کوئی بھی شخص اس بات کیلئے تیار نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں تقریر سے ن لیگ رہنما متفق نہیں ہیں، لیگی رہنما اس بحث میں مصروف ہیں کہ کسطرح معاملے کو سمیٹا جائے، شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف کے بیان کو آن نہیں کیا، اس کے ساتھ ساتھ احسن اقبال کا یہ بیان کہ نواز شریف کی تقریر ان کی ذاتی رائے ہے، اس سے ظاہر ہو گیا ہے کہ نواز شریف ن لیگ میں تنہائی کا شکار ہیں اور مریم نواز کے علاوہ کوئی لیگی رہنما ان کے ساتھ نہیں کھڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close