اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بطور مجرم اور اشتہاری نوازشریف کو سیاست پر بھاشن زیب نہیں دیتا،نیب کیسز کے باعث گھیرا تنگ ہونے سے اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے،اپوزیشن ارکان استعفیٰ دینگے تو نئے الیکشن کرائیں گے، پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت
حاصل کرلے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہاکہ نوازشریف کے حالیہ بیانیے سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف کے بیانیے پر ن لیگ کے اندر سے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے ،نوازشریف کا مقصد ملک میں بے یقینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ جاتی عمرہ میں اس وقت تذبذب اور اضطراب کے سائے منڈلا رہے ہیں۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ نیب کیسز کے باعث گھیرا تنگ ہونے سے اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوںنے کہاکہ فیٹف قانون سازی میں ناکامی کے بعد اب یہ سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن ارکان استعفیٰ دینگے تو نئے الیکشن کرائیں گے، پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت حاصل کرلے گی۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن مختلف حربے استعمال کرکے حکومت گرانا چاہتی ہے ، ناکامی ان کا مقدربنے گی۔ انہوںنے کہاکہ حکومتی اقدامات سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے احتساب کیلئے پرعزم ہیں۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا بدعنوان عناصر کے خلاف عزم ایسے حالات میں مزید مستحکم ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور مسلسل رابطے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ش لیگ سمیت ن لیگ کے کئی دھڑے بننے جارہے ہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مسلم لیگ ن میں تقسیم کے حوالے سے شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے،شریف خاندان میں بھی اس وقت چپقلش چل رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی بڑے زوروں پر چل رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ذاتی مفاد اور منافقانہ سیاست کی ہے ۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ نواز شریف کا انقلابی پن دوغلا اور کھوکھلا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بطور مجرم اور اشتہاری نوازشریف کو سیاست پر بھاشن زیب نہیں دیتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں