ثبوت لائیں یا پھر غیر ذمے دارانہ بیانات دینا بند کریں علی زیدی کابلاول بھٹو کو چیلنج

کراچی(پی این آئی)ثبوت لائیں یا پھر غیر ذمے دارانہ بیانات دینا بند کریں،علی زیدی کابلاول بھٹو کو چیلنج ،وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو چیلنج دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں علی زیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری قانون سازی میں جس پارلیمنٹرین

پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اس کے ثبوت لائیں یا پھر غیر ذمے دارانہ بیانات دینا بند کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر چیئرمین پیپلز پارٹی کو یقین ہے کہ پارلیمنٹ ربر اسٹمپ ہے تو میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اور ان کی جماعت سندھ سمیت تمام اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائے۔علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ جس الیکشن کی بدولت تحریک انصاف کی مرکز میں حکومت بنی ہے، ویسے ہی سندھ میں پیپلز پارٹی کا انتخاب عمل میں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اگر اپوزیشن کے 20 ارکان غیر حاضر تھے تو یہ ن لیگ اور پی پی کی قیادت کی کوتاہی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسد قیصر ہماری بات کے دوران اپوزیشن بینچوں سے ہمیں دی گئی گالیوں کو بھی نظرانداز کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خود کو میڈیا کی آزادی کے چیمپئن کہتے ہیں، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا وہ سندھ میں صحافی عزیز میمن کا قتل بھول گئے ہیں؟علی زیدی نے مزید کہا کہ پی پی چیئرمین تو عزیز میمن کے اہلخانہ سے ملنے بھی نہیں گئے لیکن دوسری طرف وہ صحافی مطیع اللّٰہ جان کے لاپتہ ہونے پر ان کے گھر بھی پہنچ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی گزشتہ 12 سالوں سے سندھ میں کارکردگی دیکھ کر اُن کو ووٹ کون دے گا؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں