کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کی ہفتے کے روز کی ہفتہ وار تعطیل ختم کر دی، صوبے کے تعلیمی ادارے ہر ہفتے 6 روز کیلئے کھلیں گے، اس سے قبل اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کی ہفتہ وار تعطیل بھی ختم کی جا چکی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی پیپلز پارٹی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ
صوبے میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے جائیں گے، جبکہ 6 ماہ تک تعلیمی ادارے بند رہنے کی وجہ سے ہفتے کے روز کی ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم سعدی غنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بچوں کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے تمام تعلیمی اداروں کی ہفتے کے روز کی ہفتہ وار تعطیل ختم کر دی گئی ہے۔ اب تعلیمی ادارے ہر ہفتے 6 روز کیلئے کھلیں گے۔ سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا خطرہ اب بھی ختم نہیں ہوا اس لیے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل کروایا جائے گا۔ کوشش ہے کہ رواں تعلیمی سال میں بچوں کا جو تعلیمی نقصان ہو چکا، اس کا ازالہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں کی ہفتے کے روز کی ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں