اسلام آباد ہائی کورٹ نےساجد گوندل کی بازیابی کیلئے وفاق اور سیکیورٹی اداروں کوکتنےدن کی مہلت دے دی؟ معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لانے اور وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رکھنے کی بھی ہدایت

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نےساجد گوندل کی بازیابی کیلئےوفاق اور سیکیورٹی اداروں کوکتنےدن کی مہلت دے دی؟اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے لاپتہ جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کی

بازیابی کے لیے 10دن کی مہلت دے دی۔عدالت عالیہ نے سیکرٹری داخلہ کو معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لانے اور وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔چیف جسٹس اسلام آباد اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قانون کی حکمرانی نہیں ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، وزارت داخلہ، اس کے ماتحت ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کیا۔سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ساجد گوندل کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اجلاس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا ہے، اعلیٰ سطح پر تفتیش جاری ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ تین دنوں سے صرف میٹنگز ہو رہی ہیں، آپ کی کوششیں نظر نہیں آ رہیں، لاپتہ افسر کو تلاش نہیں کیا جا سکا، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، آپ کتابی باتیں نہ بتائیں، اپنی ناکامی تسلیم کریں اور وزیراعظم کے نوٹس میں یہ بات لائیں،کسی کو تو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ معلوم ہوا ہے لاپتہ افراد کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے، کیا یہ جبری گمشدگی کا کیس ہے؟اس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ابھی اس سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تفتیشی ٹیم کو کمیشن کے چیئرمین سے پوچھنا چاہیئے تھا کہ کیا ان کے پاس اس بارے میں کوئی ذاتی معلومات ہیں؟لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن کے سربراہ جاوید اقبال کا ساجد گوندل کی گمشدگی کا نوٹسچیف جسٹس نے سیکرٹری داخلہ سے کہا کہ آپ نے وزیراعظم کو بتایا کہ آپ کے ماتحت ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں ہیں؟ یہ مفادات کا ٹکراؤ اور اصل کرپشن ہے، قانون کی حکمرانی نہیں ہو گی تو کرپشن ہوگی، صرف نیب ہی کرپشن نہیں روک سکتا۔چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہم شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے تو ہم یہاں کیا کر رہے ہیں؟ پھر یہ آئینی عدالت بند کر دیں۔ عدالت نے ساجد گوندل کی بازیابی کے لیے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close