پاک سعودی تعلقات، برف پگھلنے لگی، سعودی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، سعودی عرب بےروزگار ہونے والے لاکھوں پاکستانیوں کو دوبارہ نوکریاں دے، فرمائش کر دی گئی

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا ،حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادیوں اور عسکری

تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ،سعودی وزیر توانائی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران ان دونوں شخصیات سے ملاقات کے متمنی ہیں۔ پیر کو اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس دوران اپنی گفتگو میں ۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا ۔حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادیوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران ان دونوں شخصیات سے ملاقات کے متمنی ہیں ۔وزیر خارجہ نے سعودی سفیر سے سعودی فرمانروا شا ہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خیریت دریافت کی ۔انہوں نے کہاکہ کثیر تعداد میں پاکستانی سالہا سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے چلے آرہے ہیں ۔ہمیں توقع ہے کہ سعودی حکومت کرونا وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد ملازمتوں سے برخاست کیے گئے پاکستانی ورکرز کی واپسی اور روزگار کی دوبارہ فراہمی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرے گی ۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close