نواز شریف نے عدالت سے رجوع کر لیا، بڑی سہولت کی درخواست کر دی

اسلام آباد (پی این آئی)نواز شریف نے عدالت سے رجوع کر لیا، بڑی سہولت کی درخواست کر دی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس اپیلیوں میں کل حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست دائرکردی ۔تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم

نوازشریف کی طرف سے آج طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیماری کی وجہ سے بیرون ملک زیر علاج ہوں، بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت پیش ہونا ممکن نہیں ۔ لہذا ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں اپیلوں کی سماعت پر حاضری استثنی دیا جائے ۔خیال رہے کہ ایون فیلڈ،العزیزیہ ریفرنس میں اپیلوں کی سماعت کل کے لیے مقرر ہے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا خصوصی بنچ کیس کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی بنچ کا حصہ ہوں گے۔ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما میاں نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر ضمانت پر ہیں ۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید و جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔ نواز شریف کو دس سال، مریم نواز کو سات سال،کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو اپیل کی سماعت پر عدالت پیش ہونا پڑے گا۔ تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں 19 ستمبر 2018ء کو سزا معطل کر دی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے 13 جنوری 2019ء کو نیب اپیل خارج کرتے سزا معطلی برقرار رکھی تھی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close