کراچی(پی این آئی) بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، بین الاقوامی مسافروں کے لیے سماجی فاصلے کی شرط ختم کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا وائرس کے سلسلے میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات
جاری کر دی ہیں، سی اے اے کی جانب سے سفری سہولتوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تبدیل شدہ سفری سہولتوں کے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ یہ ہدایات نامہ عام مسافروں کے علاوہ چارٹر پرائیوٹ ایئر کرافٹ پر بھی لاگو ہوگا۔کرونا وائرس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نئی سفری پالیسی کی میعاد اب 31 اکتوبر تک ہو گئی ہے، بورڈنگ پاس جاری کرنے سے قبل کرونا ٹیسٹ نیگیٹو کی شرط پر عمل درآمد کرنے والی ایئر لائنز پر سیٹ کا وقفہ رکھنے کی شرط ختم کر دی گئی۔سول ایوی ایشن کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ کے بغیر بورڈنگ کارڈ جاری کرنے والی پروازوں پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا، جہاز میں مسافروں کو بٹھانے سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں پر بھی جراثیم کش اسپرے پر عمل درآمد کا طریقہ کار مذکورہ بالا ہوگا، جہاز کے کپتان کا انتظامات پر تسلی لازمی قرار دی گئی ہے، حفاظتی سوٹ، دستانے، سرجیکل ماسک، چشمے، اور N-95 ماسک وغیرہ پر مشتمل ضروری لوازمات طیارے میں موجود ہوں گی۔یہاں واضح رہے کرونا وائرس خدشات کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی پروازیں کئی ماہ تک بند رہی تھیں۔ بین الاقوامی پروازوں کے علاوہ اندرون ملک پروازوں پر بھی پابندی عائد رہی۔ تاہم حالات میں بہتری آنے اور عالمی سطح پر فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد پاکستان بھی اپنا اندرون ملک اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن بحال کر چکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں