دادو (پی این آئی)ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے، ضلع دادو میں کیر تھر کے پہاڑی سلسلوں میں بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے ہیں۔تحصیل جوہی کے علاقے کاچھو کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی ، کئی دیہات متاثر اور متعدد زیر آب آگئے ہیں۔ سیلاب میں پھنسے افراد کو
بچانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے دستے جوہی پہنچ گئے ہیں، سیلاب میں پھنسے متعدد افراد کو نکال لیا گیا ہے جب کہ دیگر کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر راجہ شاہ زمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری رہا انہوں نے بتایا کہ برساتی ریلے میں پھنسے افراد کو کشتیوں کی مدد سے نکالا گیا، پھنسے ہوئے 100 افراد کو ریسکیو کیا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے لیے سرکاری تعلیمی اداروں کی عمارتوں میں عارضی کیمپ قائم کیے گئے ہیں دوسری جانب آر ڈی 44 کے مقام پر حفاظتی بند میں پڑنے والے 10 فٹ چوڑے شگاف کو محکمہ انہار کا عملہ پرْ کرنے میں مصروف رہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب سے دادو کے 12 دیہات متاثر ہوئے ہیں، حالیہ بارشوں اور طوفان کے باعث نئی گاج ڈیم کے حفاظتی پشتے کو نقصان پہنچا اور گاج ڈیم کے حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے قریبی علاقے زیر آب آگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجینئرز ، آرمی میڈیکل ٹیمیں اور پاک فوج کے جوان موٹر بوٹس کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں پہنچے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں