کراچی (پی این آئی)صوبائی وزرا سعید غنی اور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد جس طرح میڈیا پر یہ تاثر دیا گیا کہ کراچی ڈوب گیا ہے ایساکچھ نہیں ہوا بلکہ اس سال ماضی کے مقابلے صورتحال بہت حد تک بہتر رہی اور سوائے چند نشیبی علاقوں کے بارش کے دو سے ڈھائی گھنٹوں کے اندر
اندر نکاسی آب کا کام مکمل کرلیا گیا تھا۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے نالوں کی صفائی کا آغاز 3 جولائی سے شروع کردیا گیا تھا اور شہر کے 38 بڑے نالوں کے 78 چوکنگ پوائنٹس پر صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ شہر کے ڈی ایم سی کی سطح کے نالوں کی صفائی کے لئے بھی وزیر اعلی سندھ نے خصوصی فنڈز جاری کردئیے ہیں۔ پی ٹی آئی کے وزیر سمیت کوئی بھی رکن بارشوں کے دوران سڑکوں پر نظر نہیں آیا جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے گذشتہ دو سال کے دوران کراچی کے لئے بنائی گئی 4 سے زائد کمیٹیوں نے اب تک اس شہر کے لئے کیا کیا ہے وہ بھی نظر نہیں آرہا۔ لاکھوں ٹن نالوں سے کچرہ صاف کرنے کے دعویدار وزیر نے صفائی کے دوران صرف 20 ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائیڈ پر پہنچایا باقی لاکھوں ٹن اس نے اس شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں پھیلا دیا۔ ایک نجی چینل اس وقت پی ٹی آئی کی بی ٹیم کا کردار ادا کررہی ہے اور وہ سندھ حکومت کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں