کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا ، صوبے میں 80 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف 5 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس ختم ہونے کے قریب ہے،
صوبے میں گزشتہ روز کورونا کے صرف 5 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔دنیا میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں مگر ہمارے ہاں صورت حال بہت بہتر ہے اور بلوچستان میں کورونا کےکیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ بلوچستان میں مئی اور جون کی نسبت کورونا کیسز میں بہت کمی ہوئی ہے،گزشتہ روزکورونا کے صرف 5 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ صوبے میں کورونا سے صحت یابی کی شرح بھی80 فیصد تک ہوگئی ہے۔صوبے کے 23 اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اور مصدقہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، 2 لاکھ 8 ہزار30 کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 52ہزار 427کورونا ایکٹو کیسز ہیں۔آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹیلیٹرپر نہیں ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 ہزار787 ٹیسٹ کیے جن میں 1087 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مزید 40کورونا مریض انتقال کر گئے، ملک بھرمیں کورونا سے جاں بحق افرادکی تعداد 5 ہزار 639 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ٹیسٹوں میں سندھ کے 7069، پنجاب کی7003، کے پی کے کی1845، اسلام آباد کے 1452، بلوچستان کی104 ، گلگت بلتستان کے 63 اور آزاد کشمیر کے 247 ٹیسٹ شامل ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں 1825 وینٹیلیٹرز کورونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں،261مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔ اب تک ملک بھر میں کورونا کے مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 96 ہے ۔ ملک کے 733 ہسپتالوں میں 2434 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں