لاہور(پی این آئی) پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ اوسطاً 70 ہلاکتیں اور دو ہزار سے زائد کیس سامنے آ رہے ہیں لیکن حکومت کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافے
کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کے اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں کورونا کا دباؤ رک گیا ہے، تاہم اب ایک مرتبہ پھر کورونا پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ عیدالفطر کے بعد پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تاہم حکومتی اقدامات کی وجہ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک گیا۔ خیال رہے کہ انہی خطرات کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان نے عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل بھی کی تھی۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے عید پر سختی سے ایس او پیز پر عمل کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں سے ہے جہاں کورونا کے اثرات کم ہونا شروع ہو گئے ہیں، خصوصاََ ہمارا صحت کا نظام بہتر ہو گیا ہے اور اموات کی شرح میں بھی کمی آگئی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مثبت رجحان اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں اس مثبت رجحان کو جاری رکھتے ہوئے عید سادگی سے منانا ہو گی تا کہ گزشتہ عید جیسی غلطی دوبارہ نہ ہو، تاہم اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے عید پر سختی سے ایس او پیز پر عمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ اگر ملک کی موجودہ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک میں کوروناوبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی آنے لگی ، اب ایک دن میں اس وبا کا شکار افراد کی تعداد گھٹ کر 1579 پر آگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار 559 ٹیسٹ کیے گئے،ملک بھر میں کورونا کے 17 لاکھ 21 ہزار 660 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے صرف ایک ہزار 579 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کیسز 2 لاکھ 63 ہزار 496 تک پہنچ گئے۔ ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 276 ہوگئی ہے ، فعال کیسز کی تعداد 53 ہزار 652 ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں