عمرہ پر نہ جانے والےاپنی رقم کن لوگوں کو دے سکتےہیں؟ علما کرام نے فتویٰ جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی) ایک فتویٰ کے مطابق عمرہ پر نہ جانے والے رقم تھیلیسیمیا مریضوں کو دے سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تنظیم اتحاد امت کے سربراہ ضیاء الحق نقشبندی اور دیگر علماء نے فتوی دیا ہے کہ جو لوگ نفلی حج یا عمرہ پر نہیں جا سکتے وہ اپنی رقم تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج کے لئے سندس

فاؤنڈیشن کو دے سکتے ہیں۔لاہور پریس کلب میں مولانا زبیر احمد ظہیر اور علامہ کاظم رضوی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضیا الحق نقشبندی کا کہنا تھا کہ فرض حج پر جانے والے لوگ بھی واپس آنے والی ساری رقم میں سے کچھ مریضوں کو دے سکتے ہیں، اگلے سال توفیق ہوگی تو حج کر لیں۔اس موقع پر سندس فاؤنڈیشن کے صدر یاسین نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے فتوی دینے پر علماء کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے حج کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا ہوتا ہے اور مجبور و ضرورت مند بندوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے سے اللہ تعالیٰ بہت راضی ہوتا ہے ،دین اسلام عالمگیر مذہب ہے یہ ہر انسان کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، خصوصی طور پر مجبور بے آسرا انسانوں کے حقوق پورے کرنے اور ان سے تعاون کا تاکیدی حکم دیتا ہے، دین اسلام میں خدمت خلق کو بڑی اہمیت حاصل ہے اللہ تعالیٰ کی رضاو خوشنودی کا بہترین ذریعہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے ان خیالات کا اظہار چیئرمین تنظیم اتحاد امت پاکستان کے اور کوآرڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب پیر محمد ضیاءالحق نقش بندی نے لاہور پریس کلب میں مفتیان کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا۔مفتیان کرام کا کہنا تھا کہ حج کی جمع شدہ رقم کو بینکوں میں رکھنے کی بجائے غریب مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ کر دیں تاکہ ان کی حاجت وضرورت پوری ہو ،کیونکہ حالیہ دنوں کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ مالی بدحا لی کا شکار ہوئے ہیں مزدور وغریب طبقہ افراد دو وقت کی روٹی سے تنگ ہو چکے ہیں گھروں میں بچوں کے دودھ ودوائی لانے کے لئے پےسے نہیں ہیںنیز ان دنوں خصوصی طور پر خیراتی ادارے مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں ۔ان اداروں میں ایک ادارہ سندس فاؤنڈیشن ہے جو تھیلیسمیااور ہیمو فیلیا کے مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے اوریہ ادارہ مخیر حضرات کے تعاون سے خدمت انسانیت کو جاری رکھے ہوئے ہے ان دنوں مالی مشکلات کا شکار ہے ،اس صورت حال میں صاحب ثروت مخیر حضرات پر لازم ہے کہ وہ میدان عمل میں آگے بڑھ کرسندس فاؤنڈیشن کا نہ صرف خود ساتھ دیں بلکہ اپنے عزیز واقارب کو بھی اس نیکی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی مفتیان اور علماءنے بار بار شرعی اپیل کی ہے کہ کوروناوائرس پابندیوں کی وجہ سے حج پر نہ جانے کی صورت میں جمع شدہ رقم سندس فاؤنڈیشن میں تھلیسمییا(خون میں خرابی کا مرض ) اورہیموفیلیا (خون بہنے کا مرض )کے مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ کی جا سکتی ہے سندس فاؤنڈیشن کے غریب مریضوں کی مدد کرنے والے خواتین و مرد اللہ تعالیٰ کی رضاوخوشنودی حاصل کر سکتے ہیں ان مریضوں پر خرچ کیا جانے والا پیسہ بہت بڑے اجر وثواب ،آپ کے کاروبار میں برکت، اہل و عیال کی صحت وعافیت کا باعث بنے گااورآپ کے فوت شدگان کی بخشش کابہترین ذریعہ ہوگا لہٰذا اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

close