کراچی (پی این آئی) کراچی میں کورونا مریضوں کی تعداد چین کے مجموعی کیسز کے قریب پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت شہر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 80ہزار281 ہے، یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چین میں کورونا
کیسز کی تعداد 83,605 ہے یعنی کہ کراچی میں کورونا مریضوں کی تعداد چین کے مجموعی کیسز کے قریب پہنچ گئی ہے۔ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 909 ہوچکی ہے جبکہ 5 ہزار 411 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ آج (15 جولائی) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے 1853نئے کیسز 45 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 154 افراد شفایاب ہوگئے۔ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1140 کیسز اور 25 اموات کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ملک میں سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 553 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 113 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔ کورونا وائرس سے ملک میں دوسرے سب سے کم متاثرہ علاقے گلگت بلتستان میں مزید 14 افراد متاثر ہوئے جبکہ 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 33 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یومیہ ہزاروں افراد شفایاب ہورہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 154 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔ اس طرح ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 810 تک ہوگئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں