لندن میں مقیم جہانگیر ترین کی پوری توجہ کس کام پر مرکوز ہے؟ مکمل تفصیل آ گئی

لندن (پی این آئی)لندن میں مقیم جہانگیر ترین کی پوری توجہ کس کام پر مرکوز ہے؟ مکمل تفصیل آ گئی، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین حکومت کی جانب سے شوگر کمیشن رپورٹ جاری ہونے کے فوری بعد پاکستان سے اپنے چارٹر طیارے میں برطانیہ آئے تھے اور وہ پانچ ہفتے سے اپنے

ہمپشائر کنٹری ہوم میں مقیم ہیں۔لندن میں ان کی سرگرمیوں کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن انتہائی قابل اعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے کوئی سیاسی ملاقاتیں نہیں کیں، جیسا کہ میڈیا کے کچھ حصے میں رپورٹ کیا گیا تھا۔ترین نے لندن سے 60 میل دور اپنے کنٹری ہوم سے لندن کے چار دورے سینٹرل لندن میں ڈاکٹر کے پاس معائنے کیلئے کیے لیکن انہوں نے غلط وجوہ سے خبروں میں آنے سے بچنے کیلئے سیاست دانوں سے ملاقات سے گریز کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی برطانیہ اور دیگر جماعتوں کے متعدد افراد نے ملاقات کیلئے ترین کو پیغامات بھیجے لیکن انہوں نے ملاقاتوں یا وسیع رابطوں سے گریز کیا اور پس منظر میں رہنے کو ترجیح دی۔ان کی میڈیکل ہسٹری سے واقفیت رکھنے والے ایک ذریعے نے بتایا کہ وہ کئی برسوں سے اپنے علاج کیلئے اکثر لندن آتے رہے ہیں اور انہوں نے اپنی صحت پر توجہ دینے کیلئے لاک ڈائون دورانیے کا فائدہ اٹھایا۔ ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین کو کینسر کا عارضہ تھا جس سے وہ کامیابی سے صحتیاب ہو گئے تاہم ایک اور سنگین حالت کیلئے انہیں لندن میں ایک سپیشلسٹ سے باقاعدہ چیک اپ اور علاج کی ضرورت رہتی ہے۔ذریعے نے ترین کی اس بیماری کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن تصدیق کی کہ یہ شدید نوعیت کی ہے اور اس کے مناسب علاج کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close