کراچی (پی این آئی) قومی ایئر لائن پی آئی اے نے اندرون ملک فلائٹ آپریشن میں توسیع کردی، کراچی، لاہور، اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ کیلئے پروازوں میں اضافہ کردیا گیا، ان شہروں کے درمیان روزانہ دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پی آئی اے انتظامیہ نے اندرون ملک
فلائٹ آپریشن میں توسیع کردی ہے۔روزانہ کی بنیاد پر کراچی، لاہور، اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ کیلئے مزید پروازیں چلائی جائیں گی۔ کورونا وباء کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے اندرون ملک پروازوں میں کمی کی گئی تھی۔ لیکن اب اندروں ملک پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحالی کی جانب گامزن ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی اور لاہور اور کراچی کے درمیان روزانہ دو پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی طرح قومی ایئرلائن کی متحدہ عرب امارات کیلئے بھی دو طرفہ فضائی آپریشن بحالی کی جانب گامزن ہے۔ جبکہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے دوسرے ممالک سے بھی ریلیف آپریشن جاری ہے۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، وسطی ایشیائی ریاستوں اور عراق سمیت دیگر ممالک کیلئے بھی خصوصی پروازیں جاری ہیں۔ اس دوران کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے مسافروں کیلئے باقاعدہ ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔دوسری جانب حکومت نے یورپ کیلئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال کرنے کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ پی آئی اے پروازوں پر یورپی ممالک میں پابندی کے خاتمے کے لیے جرمنی میں پاکستانی سفیر نے یورپی یونین ایئر سیفٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی ہے۔ جس میں پابندی کے خاتمے کیلئے پی آئی اے کی جانب سے ایاسا کو ورکنگ پلان دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں طے پایا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی کی جانب سے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کو ورکنگ پلان بنا کر دیا جائے گا۔ جس کے لیے وزارتِ خارجہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے سی ای او پی آئی اے کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ورکنگ پلان ایاسا سے ہونے والے مذاکرات کے نکات پر مبنی ہوگا۔ ورکنگ پلان میں6 ماہ میں ایاسا کو پائلٹس، ٹیکنیکل اسٹاف کی ہائرنگ اور مشتبہ لائسنس پر بھرتیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات دی جائیں گی۔نکات میں پائلٹس اور ٹیکنیکل اسٹاف کی بھرتیوں میں خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کو دور کیا جائے گا اور ان کی تفصیلات سمیت مشتبہ لائسنس پر بھرتیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بھی دی جائیں گی۔ اسی طرح مراسلے میں عالمی ایوی ایشن آرگنائزیشن کے قوانین پر عمل درآمد کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ پروازوں کی بحالی کے نکات پر عمل درآمد کے سلسلے میں بریفنگ کے لیے پروفیشنل ٹیکنیکل وفد روانہ کیا جائے۔ کرونا تناظر میں وفد کی روانگی میں مشکلات پر ویڈیو بریفنگ کا ممکنہ انتظام کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں