حکومت پاکستان اسرائیل کوتسلیم کرنے جارہی ہے؟ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بڑا بیان جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ واضح کرتا ہوں، ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنے جا رہے، سوچ ہے کہ عرب ممالک سے تعلقات میں تبدیلی کے اثر میں خارجہ پالیسی پر نظرثانی کررہے ہیں، جبکہ ایسا ہرگز نہیں ہے، مقبوضہ کشمیر کی طرح فلسطین پرآج بھی ہمارا مئوقف ایک ہی ہے۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واضح طور پر کہتا ہوں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔اس میں کسی تشویش کی گنجائش نہیں کہ فلسطین کے مسئلے پر ہمارا وہی مئوقف ہے جو سابق حکومتوں کا تھا۔ مقبوضہ کشمیر پر بھی ہمارا مئوقف ایک ہی ہے۔ ہم دو ریاستی نظریے کے کل بھی حمایتی تھے آج بھی ہیں۔ واضح طورپر کہتا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے نہیں جا رہا۔انہوں نے کہا کہ سوچ ہے کہ عرب ممالک سے تعلقات میں تبدیلی آئی ہے، شاید ہم اس اثر میں آکر اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی تو نہیں کررہے؟ ہم ہرگز کسی عرب ملک کے زیر اثر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ہمارا مئوقف ہے القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہو۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ن لیگی رہنماء خواجہ آصف نے کہا کہ شکر گزار ہوں وزیرخارجہ نے غیرمبہم انداز میں بات کی۔ پاکستان نظریاتی ریاست ہے، کبھی فلسطین کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔ اجلاس کے شروع میں تفصیلی بیان آجاتا تو ایوان میں تلخی کو روکا جا سکتا تھا۔ مزید برآں انہوں نے وزارت خارجہ میں قومی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا، عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو بھی بھارت کے ان مذموم عزائم سے آگاہ کر چکے ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت، اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب، پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے عالمی برادری کو اس بھارتی رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔انہو نے کہا کہ بھارتی حکام کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ہندوستان کی بوکھلاہٹ واضح ہو چکی ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت سرکار ، اپنی داخلی صورت حال سے، دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے، گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت ،خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں