کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے غیرمعینہ مدت تک سخت ترین لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا، وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد وبا کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کررہی، یہی صورت حال رہی تو ایک بار پھر لاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہوں گے اور اس بار لاک ڈاؤن
پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور بھرپور ہوگا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچنے کا واحد اور موثر ترین طریقہ صرف احتیاط ہے جس پر عوام کی جانب سے بالکل بھی عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آرہا، جس بازار، شاپنگ مال یا کاروباری مرکز کی طرف دیکھا جائے تو وہاں لوگ بے احتیاطی کرتے نظر آرہے ہیں، تاجر برادری نے ہمارے ساتھ اجلاسوں میں یقین دہانی کروائی تھی کہ ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب تک لوگ خود اس بات کی اہمیت نہیں سمجھیں گے تب تک مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہم نے تمام تر کاوشوں اور اقدامات کو کورونا کے مکمل خاتمے تک وقف کردیا ہے مگر عوام کی مدد اور خود احتیاطی کے بنا ہم کامیابی حاصل نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 81 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 2 ہزار 262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ،گذشتہ روز 1274 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں ،صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 24 ہزار 387 ہوگئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جاری پیغام میں کیا ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک 2 لاکھ 87 ہزار 135 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 51 ہزار 518 کے نتائج مثبت آئے ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 23 مریض انتقال کرگئے ، انتقال کرنے والوں کی تعداد 816 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ میں کورونا کے 26 ہزار 315 مریض ہیں جس میں 24 ہزار 525 گھروں ، 93 قرنطینہ مراکز اور 1698 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں