اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے دیگر ممالک سے بہتر فیصلے کیے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں این سی او سی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ آج جون کے وسط میں تقریباً
ڈیڑھ لاکھ کیسز پاکستان میں ہیں۔اسد عمر کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے جون کے آخر تک 3 لاکھ کیسز ہوسکتے ہیں،صورتحال یہی رہی تو جولائی کے آخر تک بڑھ کر 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔نیوز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ماسک کا استعمال انتہائی ضروری ہے،تحقیق ہے کہ سب لوگ ماسک پہنیں تو 50 فیصد وائرس کم ہوسکتا ہے۔اسد عمر نے بتایا کہ وزیراعظم کو اس صورت حال کا پہلے دن سے اندازا تھا،کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے دیگر ممالک سے بہتر فیصلے کیے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کرونا کے ٹیسٹ کی استعداد ڈیڑھ لاکھ تک لے کر جائیں گے،جولائی کے آخر تک ایک لاکھ ٹیسٹ کی استعداد تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔کرونا کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا، اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق پنجاب حکومت آج اعلان کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں