ایک طرف کورونا سے خطرہ ہے تو دوسری طرف غربت بھی بڑا چیلنج ہے،وزیراعظم عمران خان نے سخت لاک ڈائون کی مخالفت کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)ایک طرف کورونا سےخطرہ ہے تو دوسری طرف غربت بھی بڑا چیلنج ہے،وزیراعظم عمران خان نے سخت لاک ڈائون کی مخالفت کر دی…. وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں۔وفاقی کابینہ نے

کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ضروریات کا جائزہ لیا اور کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ چاروں صوبوں میں 1000 مزید آکسیجن بیڈز کی سہولت سے آراستہ ہوں گے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں لیڈرشپ کا کردار اہم ہے، عوام کے ایک طبقے میں کورونا سے متعلق غلط فہمیاں موجود ہیں اور اسی غلط فہمی کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں، ایک طرف کورونا سےخطرہ ہے تو دوسری طرف غربت بھی بڑا چیلنج ہے، معاشرے میں اضطراب کی بجائے صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہوکرکورونا کے پھیلاؤ کو محدود کیا جاسکتا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کوحفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے اور ضابطہ کار پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 2200 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ مہلک وائرس سے ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ گزشتہ روز بھی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ عوام نےکورونا کو سنجیدہ نہیں لیا تو ملک کو نقصان ہوگا، اگر احتیاط نہ کی توبہت مشکل وقت آنے والا ہے، طے کردہ ضابطہ کار (ایس او پیز ) پر عمل کریں گے تو کیسز تیزی سے نہیں بڑھیں گے۔

close