لاہور(پی این آئی) شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے نیب کا رات گئے لاہور کے ایک اور علاقے میں چھاپہ، جلو کے علاقے میں واقع لیگی ایم پی اے سہیل شوکت بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، علاقے میں سرچ آپریشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق نیب اور پنجاب پولیس مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو گرفتار کرنے
کیلئے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں نیب اور پنجاب پولیس کی ٹیموں نے منگل کے روز لاہور میں ماڈل ٹاون اور جاتی امراء کے علاقوں میں چھاپے مارے، لیکن شہباز شریف کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے۔نیب نے منگل کے روز پہلے ماڈل ٹاون کے علاقے میں واقع شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، پھر جاتی امراء میں شریف خاندان کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا، تاہم دونوں مقامات پر مسلم لیگ ن کے صدر موجود نہ تھے۔اب بتایا گیا ہے کہ نیب اور پولیس کی ٹیموں نے رات گئے لاہور کے دور دراز کے علاقے جلو میں چھاپہ مارا ہے۔ نیب نے ن لیگ کے ایم پی اے سہیل شوکت بٹ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا لیکن گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔یب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جلو کے علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب اور پولیس کا جلو کے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکوائری کیلئے نیب میں مسلسل تیسری بارعدم پیشی پر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب میں گرفتاری کے خدشے کے باعث لاہور ہائیکورٹ میں عبوری درخواست ضمانت دائر کی تھی تاہم سابق جج شریف حسین بخاری کے انتقال کے باعث درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ محمد قاسم علی نے شہبازشریف کی عبوری ضمانت کے لئے درخواست سماعت کیلئے کل بروز بدھ مقرر کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں