پاکستان کو کورونا کے علاج کیلئے نئی دوا تیار کرنے کا لائسنس مل گیا، 127 ترقی پذیر ممالک کو بھی فراہم کریں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کو کورونا کے علاج کیلئے نئی دوا تیار کرنے کا لائسنس مل گیا، 127 ترقی پذیر ممالک کو بھی فراہم کریں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا۔صحت کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے کوروناوائرس کی وبا سے نمٹنے میں ہر اول دستہ طبی کارکنوں کے تحفظ اور تعاون کیلئے We Care کے نام سے مہم کا

آغاز کیا۔انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں منعقدہ تربیتی سیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملے کو حفاظتی سازوسامان کے استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائیگی۔معاون خصوصی نے کہا کہ ذاتی حفاظتی سازو سامان کے بارے میں متعلقہ افراد کی رہنمائی کیلئے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ذاتی حفاظتی سازوسامان کی کوئی کمی نہیں ہے اور N-95ماسک کے سوا تمام ذاتی حفاظتی سازوسامان مقامی طور پر تیار کیا جارہا ہے اور پاکستان یہ سازوسامان دیگر ممالک کو برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس سے پہلے صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے نئی دوا تیار کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی دوا ساز کمپنی Gilead Sciences Inc کے لائسنس کے تحت Remdesivir نامی دوا جلد ہی مقامی سطح پر تیار کی جائے گی۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ معاہدے کے تحت پاکستان کورونا سے متاثرہ 127 ترقی پذیر ممالک کو یہ دوا فراہم کرے گا جو صحت عامہ اور سفارتی محاذ پر ایک بڑی کامیابی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close