وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے مستعفی رکن قومی اسمبلی محمد نجیب ہارون کی اہم ملاقات، وزیراعظم نے ناراض ایم این اے کو بڑی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کراچی سے تعلق رکھنے والے مستعفی رکن قومی اسمبلی محمد نجیب ہارون نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نجیب ہارون نے

کراچی سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور مطالبات پیش کیے۔نجیب ہارون نے کہا کہ کراچی نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا لہذا کراچی خاص توجہ کا مستحق ہے، کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کی غرض سے جس قدر گہری دلچسپی وزیراعظم لے رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں موجود کراچی کے ایم این ایز ہماری نمائندگی نہیں کرتے۔کابینہ میں نان الیکٹڈ لوگوں کو شامل نہیں ہونا چاہیے۔لہذا دیگر ارکان اسمبلی میں سے کسی کو بھی کابینہ میں نمائندگی دی جائے۔ پیراشوٹرز کا راستہ روک کرحقیقی کارکن کو اس کا حق ملنا چاہیے۔ پی ٹی آئی کو انصاف کی راہ پر گامزن رہنے میں ہم سب کی بھلائی ہے۔ کراچی میں وفاق کے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد نہیں ہوسکا، کےفور سمیت متعدد منصوبے التواء کا شکار ہیں۔ وزیراعظم اس کا نوٹس لیں۔ کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیے۔وزیراعظم نے نجیب ہارون کو یقین دہانی کروائی کہ آپ کے مطالبات درست ہیں جائزہ لے کر مطالبات پورے کریں گے۔ نجیب ہارون نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات اور مئوثر فیصلہ سازی پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے مزدور اور غریب طبقے کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم کو اس ضمن میں ٹرانسپورٹ کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست بھی کی۔ اسی طرح کنسٹرکشن کے شعبے میں ریلیف فراہم کرنے پر محمد نجیب ہارون نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close