پاکستان میں آج محدود تعداد میں فرزندان توحید اعتکاف بیٹھیں گے، بیت اللہ شریف اور مسجد نبوی میں اعتکاف نہیں ہو گا

مکہ مکرمہ، لاہور(پی این آئی)پاکستان میں آج محدود تعداد میں فرزندان توحید اعتکاف بیٹھیں گے، بیت اللہ شریف اور مسجد نبوی میں اعتکاف نہیں ہو گا،کورونا وائرس کے باعث مسجد الحرام اور مسجدی نبوی میں اعتکاف نہیں کیا گیا۔ دریں اثنا ملک بھرمیں آج محدود تعداد میں فرزندان اسلام مساجد میں اعتکاف بیٹھیں گے ۔

کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشہ باعث سرکاری سطح پر اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ترجمان آصف اعجاز کے مطابق امسال کورونا وائرس کے پھیلائوسے جانی نقصان کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد سمیت صوبہ بھر میں سرکاری طور پر اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا لیکن انتہائی مختصر تعداد میں افراد ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اعتکاف کریں گے ۔ جامعہ نعیمیہ اورجامعہ اشرفیہ نے بھی اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیا۔ کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے منہاج القرآن نے بھی شہر اعتکاف نہیں سجایا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور ناظم اعلیٰ جامع نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے مطابق جامع نعیمیہ میں 4 افراد اعتکاف بیٹھ سکیں گے ۔ مولانامجیب الرحمن انقلابی کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے باعث جامع اشرفیہ میں بھی چند افراد کو اعتکاف کی اجازت ہو گی۔ بادشاہی مسجد میں 4 سے 5 افراد کو اعتکاف کرانے کاانتظام کیا گیا۔دیگر بڑی مساجد،جامعات میں بھی محدود تعدا د میں فرزندان اسلام اعتکاف کریں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں