دکانداروں نے زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، کورونا بچاؤ کی تجاویز پر عمل کریں ورنہ بازار بند کرا دیں گے، پنجاب کے وزیر صنعت کی وارننگ

لاہور(پی این آئی)دکانداروں نے زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، کورونا بچاؤ کی تجاویز پر عمل کریں ورنہ بازار بند کرا دیں گے، پنجاب کے وزیر صنعت کی وارننگ،وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ اگر صوبے کے بازاروں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بنائی گئی ایس او پیز پر عمل نہ ہوا

تو خلاف ورزی کرنے والے بازاروں کو بند کر دیا جائے گا۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بچوں اور بزرگوں کو بازار نہیں آنے دیا جائے گا، مارکیٹوں میں انٹر ی پوائنٹس بنائے جائیں گے اور ٹائیگر فورس کے رضاکار مارکیٹوں میں ڈیوٹیاں دیں گے۔بازاروں میں عوام کے رش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال لاک ڈاؤن کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کر نے پر تاجروں پر برس پڑے او ر کہا کہ جن مارکیٹوں میں کورونا کیسز زیادہ ہوئے انہیں سیل کر دیا جائے گا۔دوسری جانب لاہور میں تاجروں کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی اور مارکیٹوں کے کھلنے کا دورانیہ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر وزیر صنعت کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، آپ لوگوں نے چند پیسوں کی خاطر لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی ہیں، اچھرہ، ٹاؤن شپ اور انار کلی بازار کی ویڈیوز دیکھیں تو خوف آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن سے نہیں بچ سکتے، ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا اس لیے کاروبار کا وقت نہیں بڑھا سکتے، رات گئے تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close