کورونا نے کراچی میں ایک اور پولیس افسر کی جان لے لی، اب تک 152 پولیس اہلکار نشانہ بن چکے

کراچی(پی این آئی)کورونا نے کراچی میں ایک اور پولیس افسر کی جان لےلی، اب تک 152 پولیس اہلکار نشانہ بن چکے۔کراچی میں کورونا وائرس سے متاثر ایک اور پولیس افسر آج صبح کراچی کے سول اسپتال میں انتقال کرگیا ہے۔ اس عالمی وبائی مرض سے کراچی پولیس کے انتقال کرنے والے ملازمان کی تعداد 4 ہوچکی

ہے جنہیں محکمے کی جانب سے شہید کا درجہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق پولیس ملازم اسسٹنٹ سب انسپکٹر 48 سالہ شیر گل نیازی گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایم ٹی سیکشن میں تعینات تھا۔ شیرگل نیازی میں 29 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق رپورٹ پوزیٹو آنے پر اسے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں پیر کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایس ایس پی سٹی آفس میں تعینات وائرلیس آپریٹر اے ایس آئی محمد انوار، اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل آرٹلری میدان میں تعینات سپاہی محمد انس بھی کرونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سابق ایس ایچ او شفیق تنولی کے بھائی ہیڈ کانسٹیبل رشید تنولی کورونا وائرس کے نتیجے میں کراچی میں سب سے پہلے جاں بحق ہوئے تھے ان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے اب تک 152 پولیس افسران اور ملازمان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ جن میں سب سے زیادہ تعداد کراچی کے پولیس ملازمان کی ہے۔ذرائع کے مطابق پیر کی صبح تک 30 پولیس ملازمان کورونا وائرس کو شکست دے کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 118 ابھی بھی مختلف اسپتالوں، آئسولیشن سنٹرز یا گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس کو لکھے گئے خط میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پولیس ملازمان کی موت کو شہادت کا درجہ دینے کا خط لکھا جاچکا ہے۔کورونا سے انتقال کرنے والوں کو شہید کا درجہ ملنے کی صورت میں ان کے خاندان کو پولیس کے شہیدوں کے لیے اعلان کردہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close