اسلام آباد(پی این آئی)کورونا وائرس ، فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے کو وفاقی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کر دی، قوم کے مسیحائوں کا مورال بلند،کورونا وائرس کے خلاف اسپتالوں میں جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور اسپتال کے عملے کو وفاقی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پمز اسپتال کے سامنے
سلامی پیش کی ، میئر اسلام آباد نے کہا کہ ڈاکٹرز کا جذبہ قابل ستائش ہے ۔ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا کی وبا کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ڈاکٹرز اور اسپتالوں کا عملہ شہریوں کی جانیں بچانے میں مصروف عمل ہے۔نجی ٹی وی چینل نے ڈاکٹرز تجھے سلام کی تھیم پر خصوصی ٹرانسمیشن پیش کی ۔وفاقی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سلامی پیش کی، جس میں ابتدائی سلام کورونا کی وبا سے شہید ہونے والے ڈاکٹرز کے لیے پیش کیا گیا ۔اس کے بعد ڈاکٹرز، نرسز ، اسپتالوں کا انتظامی عملہ، سکیورٹی اور سینیٹری اسٹاف کو وبا کے باوجود خدمات انجام دینے پر سلام پیش کیا گیا ۔میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسپتالوں کے عملے کا اس خطرناک وبا میں جان کی پرواہ کیے بنا مریضوں کی دیکھ بھال کرنا ڈاکٹرز اور عملے کی پیش وارانہ لگن کی مثال ہے ۔وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں کا عملہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو رہا ہے، اب تک 11 سے زائد ڈاکٹرز اور تقریباً 30 پیرامیڈیکل اور دیگر عملے کے اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، اس کے باوجود شہریوں کی صحت اور جان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسپتالوں کا عملہ دن رات اپنی ڈیوٹی پر موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں