اسلام آباد(پی این آئی)بلوچستان میں بھارتی مداخلت، دنیا نوٹس لے، پاکستانی سیاسی قیادت کا مطالبہ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہاہے کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت روکنے کیلئے اتفاق ضروری ہے ،دنیا نوٹس لے ۔بھارتی سابق میجر کے بیان پر ردعمل میں جاری ایک بیان میں وزیر
خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کی بلوچستان میں شرپسند اور امن مخالف گروہوں کی پشت پناہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، ایک دن کھلے عام میڈیا پر پاکستان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں اور اگلے روز بلوچستان میں ہمارے جوان شہید کیے جاتے ہیں۔بلوچستان کی بلوچ اور پختون قیادت کو وزارت خارجہ آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ بلوچستان کے قائدین چاہیں گے تو کوئٹہ جانے کیلئے بھی تیار ہوں،انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام اہم فورمز پر بھارت کے عزائم کو بے نقاب کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایس سی او کا اجلاس قریب ہے ، مجھے وہاں موقع ملا تو بھارتی رویے کیخلاف آواز اٹھاؤں گا۔ اسی متعلق ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک بات ہے کہ سابق بھارتی فوجی ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں مداخلت کا اعتراف کر رہے ہیں۔ یہ باتیں ثابت کرتی ہیں کہ بلوچستان میں دہشت گردی بھارت کرا رہا ہے ، مہذب دنیا جاگے اور اس کا نوٹس لے ۔قبل ازیں سابق بھارتی میجر نے کھلم کھلا بلوچستان میں در اندازی کا اعتراف کرلیا ۔بھارتی ٹی وی پر براہ راست اعتراف کرتے ہوئے سابق بھارتی میجرگورو آریا کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں بلوچستان میں دہشتگردوں سے رابطے میں ہوں۔ بلوچستان میں دہشتگرد میرے دوست ہیں، انکے نمبر میرے فون میں محفوظ ہیں، ہر روز ان سے گفتگو کرتا ہوں، ہندواڑا کا بدلہ بلوچستان میں لیں گے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں