ملک بھر میں نادرا کے دفاتر 4مئی سے کھولنے کا فیصلہ، امدادی سرگرمیوں میں مدد کریں گے

اسلام آباد(پی این آئی):ملک بھر میں نادرا کے دفاتر 4 مئی سے کھولنے کا فیصلہ، امدادی سرگرمیوں میں مدد کریں گے، ملک بھر میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفاتر 4 مئی سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیئرمین نادرا عثمان مبین یوسف نے سے تمام دفاتر کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔ نادرا دفاتر کھولنے

سے قبل احتیاطی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے نادرا دفاتر کھولنے کی سفارش کی تھی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) دفاتر کھولنے کا معاملہ اٹھایا تھا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کے انگوٹھے کے نشانات کے مسائل درپیش ہیں اور کچھ افراد کے والد فوت ہو چکے مگر ڈیتھ سرٹیفکیٹ نادرا میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث ان کو رقم کے حصول میں مسائل درپیش ہیں، اس لیے نادرہ دفاتر کھولے جائیں۔اس حوالے سے احساس کیش پروگرام حکام نے بتایا کہ نادرا دفاتر کھولنے کی درخواست گزشتہ ہفتے وزیراعظم کو بھجوائی گئی تھی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نادرا دفاتر بند کردیے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں