پشاور(پی این آئی)جزوی لاک ڈاون، خیبر پختونخواہ حکومت نے 15 مئی تک توسیع کر دی،خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن میں 15 مئی تک توسیع کردی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ تندور اور دودھ و دہی کی دکانیں شام 4
بجے کے بعد بھی کھلی رہیں گی جبکہ مال مویشی منڈیوں کو بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس سے اب تک سب سے زیادہ 122 اموات خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا سے شہید ہونے والے فرنٹ لائن ملازمین کو 70 لاکھ روپے کا پیکج دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے کے پی پاور ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، صوبہ اپنا گرڈ اور ٹرانسمیشن نظام قائم کر سکے گا۔ اس کے علاوہ کے پی ایپیڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کے نفاذ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، آرڈیننس کے تحت متاثرہ افراد کو آئسولیشن میں رکھا جاسکے گا، وبا کی صورت میں اجتماعات پر پابندی لگائی جاسکے گی،، تعلیمی ادارے، خاندان کے سربراہ زیر کفالت افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع دینے کے پابند ہوں گے۔اجمل وزیر نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورینٹس، ہوٹلز کے انچارج زیر کفالت افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع دینے کے پابند ہوں گے، آرڈیننس کی خلاف ورزی پر سزائیں اور جرمانے بھی تجویز کیے گئے ہیں، وبا کی صورت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کو بھی قانونی تحفظ دیا گیا ہے، 6 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے تعلیمی ادارے فیسوں میں 20 فیصد رعایت دیں گے، 6 ہزارسے کم فیسیں وصول کرنے والے 10 فیصد رعایت دیں گے۔اجمل وزیر نے کہا کہ کوئی مالک اپنے کرایہ دار کو کرایہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں 3 ماہ تک کے لیے بے دخل نہیں کر سکے گا۔صوبائی کابینہ نے خیبرپختونخوا فرانزک سائنس ایجنسی بل 2020 کے مسودے کی منظوری بھی دی جس کے تحت صوبے میں فرانزک سائنس ایجنسی کا قیام عمل میں لایا جائے گا،کے پی کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ 2019 کے تحت قابل سزا مقدمات کی سماعت کیلئے اسپیشل کورٹس کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے کے پی لوکل کونسل حلقہ بندی کے رولز 2019 کی منظوری دے دی ہے، کے پی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں بعض ترامیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں