میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پرامریکہ کا رد عمل

اسلام آباد (پی این آئی) میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر امریکہ کا رد عمل، امریکہ نے پاکستان کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیو اینڈ جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے امریکہ کی

جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔امریکہ کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیاء ایلس ویلز نے ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستانی کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے مالک کی گرفتاری پر تشویش ہے۔ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکہ نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو تشویشناک کے ساتھ نوٹ کیا ہے، اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ میڈیا کی آزادی، شفاف قانونی عمل اور قانون کی حکمرانی ہر جمہوریت کے لیے ستون ہے۔اس کے علاوہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی کا بھی کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری انتہائی پریشان کن ہے۔ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری خاص طور پر ایسے وقت میں جب وہ الزامات کا جواب دینے کے لیے نیب کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں، پریشان کن ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ لاہور میں احتساب عدالت نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو پراپرٹی کیس میں 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ نیب نے میر شکیل الرحمان کو سابق وزیر اعظم نواز شریف سے بحیثیت وزیر اعلیٰ پنجاب جوہر ٹاؤن فیز۔II کے ایچ بلاک میں ایک ایک کنال کے 54 پلاٹس پر غیر قانونی رعایت حاصل کرنے کے الزام میں جمعرات کو گرفتار کیا تھا۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج چودھری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ میاں نواز شریف نے میر شکیل کو 54 پلاٹ دیے۔ میر شکیل الرحمان نے مختار عام کے ذریعے ایگزیمپشن پر پلاٹ حاصل کئے، میاں نواز شریف نے میر شکیل کو محمد علی کے مختار عام پر 30 فیصد کوٹہ پر پلاٹ الاٹ کیے۔ پبلک آفس ہولڈر کی جانب سے 30 فیصد کوٹہ پر پلاٹ الاٹ کرنے کا معاملہ قابل تحقیقات ہے، اگر جرم ظاہر ہوتا ہے تو 34 سال پرانا معاملہ نیب کے دائرہ کار سے باہر نہیں ہے۔تفتیشی افسر کو نواز شریف کی جانب سے میر شکیل کو ایگزیمپشن پر ملنے والے پلاٹوں کی تحقیقات کے نتیجے کے لیے وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی گہرائی تک جانے کی ضرورت ہے۔ میر شکیل الرحمان نواز شریف کی جانب سے ملنے والی غیرمعمولی ایگزیمپشن کی وضاحت دینے کے پابند ہیں لہٰذا ملزم کی مقدمہ خارج کرنے کی استدعا قبل از وقت ہے۔ قبل ازیں نیب کی ٹیم میر شکیل الرحمان کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت لے کر پہنچی۔نیب کی طرف سے پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان جبکہ میر شکیل الرحمن کی طرف سے چوہدری اعتزاز احسن پیش ہوئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 25 مارچ تک نیب کی تحویل میں دے دیا۔ واضح رہے کہ نیب لاہور نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو جمعرات کوگرفتار کیا تھا، ان پر نواز شریف سے 54 پلاٹس پر غیرقانونی رعایت حاصل کرنے کا الزام ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان نیوز انٹرنیشنل (پی این آئی) قابل اعتبار خبروں کا بین الاقوامی ادارہ ہے جو 23 مارچ 2018 کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قائم کیا گیا، تھوڑے عرصے میں پی این آئی نے دنیا بھر میں اردو پڑہنے، لکھنے اور بولنے والے قارئین میں اپنی جگہ بنا لی، پی این آئی کا انتظام اردو صحافت کے سینئر صحافیوں کے ہاتھ میں ہے، ان کے ساتھ ایک پروفیشنل اور محنتی ٹیم ہے جو 24 گھنٹے آپ کو باخبر رکھنے کے لیے متحرک رہتی ہے، پی این آئی کا موٹو درست اور بروقت اور جامع خبر ہے، پی این آئی کے قارئین کے لیے خبریں، تصاویر اور ویڈیوز انتہائی احتیاط کے ساتھ منتخب کی جاتی ہیں، خبروں کے متن میں ایسے الفاظ کے استعمال سے اجتناب برتا جاتا ہے جو نا مناسب ہوں اور جو آپ کی طبیعت پر گراں گذریں، پی این آئی کا مقصد آپ تک ہر واقعہ کی خبر پہنچانا، اس کے پیش منظر اور پس منظر سے بر وقت آگاہ کرنا اور پھر اس کے فالو اپ پر نظر رکھنا ہے تا کہ آپ کو حالات حاضرہ سے صرف آگاہی نہیں بلکہ مکمل آگاہی حاصل ہو، آپ بھی پی این آئی کا دست و بازو بنیں، اس کا پیج لائیک کریں، اس کی خبریں، تصویریں اپنے دوستوں اور رابطہ کاروں میں شیئر کریں، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو، ایڈیٹر

close