بارشیں برسانے والا سسٹم ملک میں داخل۔۔کون کونسے شہروں میں بارشیں ہوں گی ؟ موسم کا حال بتانے والوں کی ٹھنڈی ٹھنڈی پیشنگوئی

اسلام آباد(پی این آئی)منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب،زیریں خیبر پختونخوا میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا ۔ اس دوران میر

کھانی میں بارش بھی ہوئی۔بارش (ملی میٹر): میرکھانی 02 ۔آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت : کالام منفی 08، قلات منفی 04،مالم جبہ منفی 03، گوپس ، استور، دیر، اسکردو، پاراچنار، مری اور بگروٹ میں منفی01ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ منگل سے ملک میں بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعہ تک نیا سسٹم ملک کے بیشتر حصوں میں بارشیں دے گا۔ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ کے چند علاقوں پر بھی نیا سسٹم اثر انداز ہوگا۔ کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، پشین، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور، زیارت، قلات، مستونگ میں منگل (شام) سے جمعرات تک جبکہ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور اور شہید بینظیر آباد میں منگل (شام) اور بدھ کے روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی سمیت زیریں سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔کشمیر، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد کے اضلاع میں بدھ اور جمعرات کو وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں موسلا دھار بارش سے طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس دوران تمام متعلقہ حکام کو کسی بھی جانی اور مالی نقصان سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close