اسلام آباد آکر تفصیل سے بات کروں گا، چوہدری شجاعت نے مولانا کو خبردار کر دیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمان کو منانے کیلئے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،چودھری شجاعت نے کہا کہ ہمیں اس وقت نئے کٹے نہیں کھولنے چاہئیں، آپ اکثراپنی تقریروں میں امانت علی اورسلامت علی کاذکر کرتے ہیں، اسلام آباد آکر تفصیل سے بات کروں گا،ہمارے پاس

قوم نے بھی ایک امانت رکھی ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت اور سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال پربات چیت کی گئی۔ چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت نئے مسائل کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت ملک میں نئے کٹے نہیں کھولنے چاہئیں۔ چودھری شجاعت نے فضل الرحمان سے مزید کہا کہ آپ اپنی اکثر تقریروں میں امانت علی اور سلامت علی کا ذکر کرتے ہیں، اسلام آباد آؤں گا تو اس پر تفصیل سے بات کریں گے، قوم نے ہمیں بھی ایک امانت دے رکھی ہے۔ واضح رہے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز ملتان میں جامعہ قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ( ق) لیگ کو سامنے دکھایا گیا، جبکہ بات کسی اور کی مانی گئی، وعدے کی پاسداری نہ کی گئی تو نام سامنے لائیں گے۔ کسی سے ڈرنے والے نہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو خاموشی سے برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر اپوزیشن آج بھی ایک صف پر آجائے تو بہت کم عرصے میں لوگوں کو حقیقی جمہوریت دے سکتے ہیں۔حکمران اس ملک کی کشتی کو ڈبو رہے ہیں، ہم میدان میں ہیں اور عوام کا ساتھ دیں گے، ہم نے 14 ملین مارچ اور ایک آزادی مارچ کیا مگر کہیں بدنظمی نہیں ہوئی، ہماری تربیت یہ نہیں کہ ہم نظام کو درہم برہم کریں۔ فضل الرحمن نے کہا کہ مجھ پر آرٹیکل 6 لگانا مذاق ہے جو مجھ پر آرٹیکل 6لگانے کا سوچ رہے ہیں وہ میرے ما ضی سے واقف ہیں وہ ایسی غلطی کبھی نہیں کریں گے ۔

close